سیدمنورحسن امیر جماعت اسلامی پاکستان


بیرونی ذرائع سے۔۔۔۔۔    زمرہ : سیاسیات

سیدمنورحسن امیر جماعت اسلامی پاکستان

سید منورحسن کا تعلق تقسیم برصغیرسے پہلے کے شرفا ئے دہلی سے ہے۔آپ اگست 1944 ءمیں دہلی میں پیدا ہوئے۔ آزادی کے بعد آپ کے خاندان نے پاکستان کو اپنے مسکن کے طور پر چنا اور کراچی منتقل ہوگئے۔ آپ نے 1963 ءمیں جامعہ کراچی سے سوشیالوجی میں ایم اے کیا۔ پھر1966 ءمیں یہیں سے اسلامیات میں ایم اے کیا۔ زمانہ طالبعلمی میں ہی آپ اپنی برجستگی اورشستہ تقاریرکی وجہ سے معروف ہوگئے۔ آپ کالج میگزین کے ایڈیٹر بھی رہے۔علاوہ ازیں بیڈ منٹن کے ایک اچھے کھلاڑی بھی ہیں۔ سید صاحب طلبہ کی بائیں بازوکی تنظیم نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن(NSF)میں شامل ہوئے،اور1959 ءمیں اس تنظیم کے صدر
منتخب ہوئے۔
آپ کی زندگی میں حقیقی تبدیلی اس وقت برپا ہوئی جب آپ نے اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے کارکنان کی سرگرمیوں کو قریب سے دیکھااورمولانا سید ابوالاعلٰی مودودی کی تحریروں کا مطالعہ کیا۔ نتیجتاً آپ 1960 ءمیں اسلامی جمعیت طلبہ میں شامل ہوگئے اورجلد ہی جامعہ کراچی یونٹ کے صدر اور مرکزی شورٰی کے رکن بنادیے گئے۔ بعد ازاں 1964 ءمیں آپ اس کے مرکزی صدر (ناظم اعلی) بنے اور مسلسل تین ٹرم (Terms)کے لیے اس عہدے پر منتخب ہوکرکام کرتے رہے۔آپ کے عرصئہ نظامت میں جمعیت نے طلبہ مسائل، نظام تعلیم اور تعلیم نسواں کو درپیش مسائل کے سلسلے میں رائے عامہ کو بیدار کرنے کی خاطر کئی مہمات چلائیں۔ آپ 1963 ءمیں اسلامک ریسرچ اکیڈمی کراچی میں اسسٹنٹ کی حیثیت سےشامل ہوئے اور اس کے سیکرٹری جنرل کے عہدے تک ترقی کی۔
آپ کی زیِر قیادت اس اکیڈمی نے ستر (70) علمی کتابیں شائع کیں۔ آپ نے ماہنامہ The Criterion اور The Universal Messageکی ادارت کے فرائض بھی سرانجام دیے۔
سید منورحسن 1967ءمیں جماعت اسلامی میں شامل ہوئے۔ جماعت اسلامی کراچی کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل، نائب امیراور پھر امیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سرانجام دیں۔ آپ جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلس شورٰی اور مجلس عاملہ کے بھی رکن منتخب ہوئے۔آپ نے کئی فورمز پر جماعت اسلامی کی نمائندگی کی جیسے یونائیٹد ڈیموکریٹک فورم اور پاکستان نیشنل الائنس (پاکستان قومی اتحاد) وغیرہ۔
1977 ءمیں کراچی سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑا اور پاکستان میں سب سے زیادہ ووٹ لےکر اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ 1992 ءمیں آپ کو جماعت اسلامی پاکستان کا مرکزی اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل اور پھر 1993 ءمیں مرکزی سیکرٹری جنرل بنادیا گیا، اور اپریل2009ءتک قیم جماعت کی ذمہ داری پر فائز رہے۔ قیم جماعت اسلامی (مرکزی سیکرٹری جنرل) کی حیثیت کے علاوہ آپ تحقیق کے دیگر کئی اداروں کے نگران بھی رہے ہیں۔
اپریل2009ءمیں ارکان جماعت نے کثرت رائے سے آپ کو امیر جماعت اسلامی پاکستان منتخب کیااورمورخہ5اپریل کو سید منورحسن نے باقاعدہ طور پر امارت کی ذمہ داری کاحلف اٹھالیا۔ آپ متعدد د بین الاقوامی کانفرنسوں اورسیمینارزمیں شرکت کرچکے ہیں۔ نیزآپ ریاست ہائے متحدہ امریکہ،کینیڈا،مشرق وسطٰی ،جنوب مشرق اور جنوب مشرقی ایشیا کے کئی ممالک کے دورے کرچکے ہیں۔ سید منورحسن صاحب انگریزی زبان پر عبور رکھتے ہیں۔ اندرون اور بیرون ملک ان کی تقاریرکوبڑے شوق سے سنا جاتا ہے۔ آپ کی بیشتر تقریریں بالخصوص اردو کی تقاریر کیسٹ کی صورت میں دستیاب ہیں۔
گوگل پلس پر شئیر کریں

Unknown

    بذریعہ جی میل تبصرہ
    بذریعہ فیس بک تبصرہ